29

ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1650 ہوگئی، 18 افراد جاں بحق

ملک بھر میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1650 ہوگئی جبکہ وائرس سے 18 افراد جاں بحق اور 28 صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد 1650 ہوگئی جن میں سے 11 کی حالت تشویش ناک ہے۔ پنجاب میں 618، سندھ میں 508، بلوچستان میں 144، خیبر پختونخوا میں 195 ، گلگت بلتستان میں 128، اسلام آباد میں 51 جب کہ آزاد کشمیر 6 میں مریض زیر علاج ہیں۔

12 سو ارب روپے کے وزیراعظم معاشی پیکیج کی منظوری

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دے دی گئی۔ کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر 12 سو ارب روپے سے زائد کا معاشی پیکیج منظور کرلیا جس میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کیلئے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، برآمدی شعبے اور صنعتوں کیلئے 100 ارب روپے جبکہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کیلئے 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

معاشی پیکیج میں یوٹیلیٹی اسٹورز کیلئے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کیلئے 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کیلئے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔

مزید چینی امداد آگئی

چین سے کورونا وائرس کا طبی سامان لے کر ایک اور طیارہ کراچی ایئر پورٹ پہنچ گیا۔ چین سے امداد لے کر آنے والا یہ تیسرا جہاز کراچی پہنچا ہے۔

پاکستان ریلوے کی 4 اے سی بوگیاں قرنطینہ میں تبدیل

ڈپٹی ڈی ایس ریلوے کاشف یوسفانی نے بتایا کہ لاہور ریلوے اسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر1 پر قرنطینہ کی بوگیاں کھڑی کی گئی ہیں۔ کورونا وائرس کے متاثرین کو ریلوے کی جانب سے یہاں رکھا جا سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر ریلوے کی جانب سے اے سی سلیپر کی چار بوگیوں کو قرنطینہ میں تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی۔ بوگیوں میں تمام طبی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔

5 قبرستان کرونا وائرس سے مرنے والوں کیلیے مختص

میئر کراچی وسیم اختر کی زیرصدارت اجلاس میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تدفین کے لیے شہر کے 5 قبرستان مختص کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ضلع وسطی میں مرنے والوں کے لیے نارتھ کراچی کا شاہ محمد قبرستان مختص ہوگا جب کہ وسطی اورشرقی میں مرنے والوں کی تدفین سرجانی ٹاؤن کے قبرستان میں کی جاسکے گی۔

سندھ حکومت نے دیہاڑی دار افراد کی مدد کا طریقہ کار طے کرلیا

سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں مستحق افراد کی مدد کرنے اور انہیں رقوم کی فراہمی کا طریقہ کار طے کرلیا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے وزارت خزانہ اور وزارت داخلہ کو خط لکھا ہے جس کے تحت موبائل رجسٹریشن سسٹم کے تحت مستحق افراد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

خط کے متن کے مطابق ضرورت مند افراد کے ڈیٹا کی نادرا سے بھی تصدیق کروائی جائے گی، ایک خاندان کے صرف ایک ہی فرد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔ تاہم بینک اکاونٹ میں 10 ہزار روپے موجود ہونے کی صورت میں اس فرد کو ضرورت مند تصور نہیں کیا جائے گا۔ اسٹیٹ بینک ضرورت مند درخواست دہندہ کےبینک اکاونٹس کےذریعے تصدیق کرے گا۔

جیلوں سے قیدیوں کی رہائی کے احکامات معطل

سپریم کورٹ میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے قیدیوں کی رہائی کے احکامات کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے کورونا وائرس کے پیش نظر دی گئی ضمانتوں کے احکامات پرعملدرآمد روک دیا۔ سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 408 قیدیوں کی رہائی کے فیصلے سمیت دیگر عدالتوں کی جانب سے جاری فیصلے بھی معطل کردیے۔

چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیے کہ ملک کو کورونا وائرس کی وجہ سے کن حالات کا سامنا ہے سب پتہ ہے تاہم اس طرح قیدیوں کی رہائی کی اجازت نہیں دے سکتے، دیکھنا ہے اسلام آباد ہائیکورٹ نے کس اختیار کے تحت قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا، ہائی کورٹس سو موٹو کا اختیار کیسے استعمال کر سکتی ہیں؟، ایسا نہیں ہو سکتا کہ آفت میں لوگ اپنے اختیارات سے باہر ہو جائیں، یہ اختیارات کی جنگ ہے، ان حالات میں بھی اپنے اختیارات سے باہر نہیں جانا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں